پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد صغیر صدیقی کا یوم پیدائش (پیدائش: 20 اگست 193…

احمد صغیر صدیقی کا یوم پیدائش
(پیدائش: 20 اگست 1938ء – وفات: 12 ستمبر 2017ء)
نام احمد صغیر صدیقی ۲۰؍اگست ۱۹۳۸ء کو بہرائچ (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد احمد صغیر پاکستان آگئے۔ کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ 12 ستمبر 2017 کو امریکا میں وفات پائی۔
——
منتخب کلام
——
کب سے میں سفر میں ہوں مگر یہ نہیں معلوم
آنے میں لگا ہوں کہ میں جانے میں لگا ہوں
——
ہم کہ اک عمر رہے عشوۂ دنیا کے اسیر
مدتوں بعد یہ کم ذات سمجھ میں آئی
——
یہ کیا کہ عاشقی میں بھی فکر زیاں رہے
دامن کا چاک تا بہ جگر جانا چاہیے
——
آنا ذرا تفریح رہے گی
اک محفل صدمات کریں گے
——
کبھی نہ بدلے دل با صفا کے طور طریق
عدو ملا تو اسے بھی سلام کرتے رہے
——
کسی صورت یہ نکتہ چینیاں کچھ رنگ تو لائیں
چلو یوں ہی سہی اب نام تو مشہور ہے میرا
——
زخم اتنے ہیں بدن پر کہ کہیں درد نہیں
ہم بھی پتھراؤ میں پتھر کے ہوئے جاتے ہیں
——
یہ نہ دیکھو کہ مرے زخم بہت کاری ہیں
یہ بتاؤ کہ مرا دشمن جاں کیسا ہے
——
اور سی دھوپ گھٹا اور سی رکھی ہوئی ہے
ہم نے اس گھر کی فضا اور سی رکھی ہوئی ہے
کچھ مرض اور سا ہم نے بھی لگایا ہوا ہے
اور اس نے بھی دوا اور سی رکھی ہوئی ہے
اس قدر شور میں بس ایک ہمیں ہیں خاموش
ہم نے ہونٹوں پہ صدا اور سی رکھی ہوئی ہے
وہ دعا اور ہے جو مانگ رہے ہیں کہ ابھی
دل میں اک اور دعا اور سی رکھی ہوئی ہے
قصہ اپنا بھی پرانا ہے سوائے اس کے
بس ذرا طرز ادا اور سی رکھی ہوئی ہے
——
اک جسم ہیں کہ سر سے جدا ہونے والے ہیں
ہم بھی زباں سے اپنی ادا ہونے والے ہیں
تعریف ہو رہی ہے ابھی تھوڑی دیر بعد
خوش ہونے والے سارے خفا ہونے والے ہیں
سنتے ہیں وہ انار کلی کھلنے والی ہے
کہئے کہ ہم بھی موج صبا ہونے والے ہیں
قربت میں اس کی اور ہی کچھ ہونے والے تھے
اس سے بچھڑ کے دیکھیے کیا ہونے والے ہیں
منتر کی طرح اس کو پڑھے جا رہے ہیں ہم
اک دن طلسم ہوش ربا ہونے والے ہیں
——
اک خواب ہے یہ پیاس بھی دریا بھی خواب ہے
ہے خواب تو بھی تیری تمنا بھی خواب ہے
یہ التزام دیدۂ خوش خواب بھی ہے خواب
رنگ بہار قامت زیبا بھی خواب ہے
وہ منزلیں بھی خواب ہیں آنکھیں ہیں جن سے چور
ہاں یہ سفر بھی خواب ہے رستہ بھی خواب ہے
یہ رفعتیں بھی خواب ہیں یہ آسماں بھی خواب
پرواز بھی ہے خواب پرندہ بھی خواب ہے
ہیں اپنی وحشتیں بھی بس اک خواب کا طلسم
یارو فسون وسعت صحرا بھی خواب ہے
………………………..