اب کسی راہ پہ جلتے نہیں چاہت کے چراغ
تو مری آخری منزل ہے مرا ساتھ نہ چھوڑ
مظہر امام کی پیدائش
March 12, 1928
مظہر امام نئی غزل کے اہم شاعروں میں سے ہیں۔ انہوں نے غزل کی شاعری کو نئے اور انوکھے موضوعات اور نئے طرز اظہار سے آشنا کیا۔ مظہر امام کی ایک خاص پہچان ان کے تجربہ پسند تخلیقی مزاج کی وجہ سے قائم ہوئی۔ انہوں نے غزل کے فارم اور ہیئت میں کئی طرح کی تبدیلیوں کے مشورے دئے اور نئی ہیئتی صورت میں غزلیں بھی کہیں۔ مظہر امام کی آزاد غزل کہنے کی شروعات اگرچہ بہت آگے نہ بڑھ سکی لیکن اس سے ان کے زرخیز تخلیقی ذہن کا اندازہ تو ہوتا ہی ہے۔
شاعری کے علاوہ مظہر امام نے تنقید بھی لکھی۔ ان کے تنقیدی مضامین ’آتی جاتی لہریں‘ اور ’ایک لہر آتی ہوئی‘ کے نام سے کتابی صورت میں شائع ہوئے۔ مظہر امام کی تنقید نظریوں اور تحریکوں کے اثر سے آزاد ایک سوچتے ہوئے ذہن کا شاندار نمونہ ہے۔
مظہر امام مونگیر بہار میں 12 مارچ 1928 کو پیدا ہوئے تھے۔ مگدھ وشوودیالیہ سے اردو اور بہار وشوودیالیہ سے فارسی میں ایم اے کیا۔ 1951 میں کلکتہ کے ایک روزنامے میں کام کیا اس کے بعد آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ ہوگئے۔ آل انڈیا ریڈیو میں تین دہائیوں تک اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ 2012 میں انتقال ہوا۔
.
کس سمت جا رہا ہے زمانہ کہا نہ جائے
اکتا گئے ہیں لوگ فسانہ کہا نہ جائے
…..
نہ اتنی دور جائیے کہ لوگ پوچھنے لگیں
کسی کو دل کی کیا خبر یہ ہاتھ تو ملا رہے
……
نگاہ و دل کے پاس ہو وہ میرا آشنا رہے
ہوس ہے یا کہ عشق ہے یہ کون سوچتا رہے
…..
آپ کو میرے تعارف کی ضرورت کیا ہے
میں وہی ہوں کہ جسے آپ نے چاہا تھا کبھی
……
اب کسی راہ پہ جلتے نہیں چاہت کے چراغ
تو مری آخری منزل ہے مرا ساتھ نہ چھوڑ
……
اب تو کچھ بھی یاد نہیں ہے
ہم نے تم کو چاہا ہوگا
……
اب اس کو سوچتے ہیں اور ہنستے جاتے ہیں
کہ تیرے غم سے تعلق رہا ہے کتنی دیر
…….
عصر نو مجھ کو نگاہوں میں چھپا کر رکھ لے
ایک مٹتی ہوئی تہذیب کا سرمایہ ہوں
…….
بستیوں کا اجڑنا بسنا کیا
بے جھجک قتل عام کرتا جا
……
چلو ہم بھی وفا سے باز آئے
محبت کوئی مجبوری نہیں ہے
…..
دوستوں سے ملاقات کی شام ہے
یہ سزا کاٹ کر اپنے گھر جاؤں گا
…..
ایک درد جدائی کا غم کیا کریں
کس مرض کی دوا ہے ترے شہر میں
……
ایک میں نے ہی اگائے نہیں خوابوں کے گلاب
تو بھی اس جرم میں شامل ہے مرا ساتھ نہ چھوڑ
…..
ہیں چناروں کے چہرے بھی جھلسے ہوئے
زخم سب کا ہرا ہے ترے شہر میں
….
ہم نے تو دریچوں پہ سجا رکھے ہیں پردے
باہر ہے قیامت کا جو منظر تو ہمیں کیا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔