پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابا! تم نے گھوڑے کو گھر میں تنہا کیوں چھوڑا؟ محمود درویش کے قصیدے کا ترجمہ پیا…

ابا! تم نے گھوڑے کو گھر میں تنہا کیوں چھوڑا؟

محمود درویش کے قصیدے کا ترجمہ

پیارے ابا !
آج مجھے تم کس جانب لے جاتے ہو؟
پیارے بیٹے!
جس جانب دلدار ہوائیں چلتی ہیں
یہ کہہ کر وہ باپ اور بیٹا کھلیانوں سے نکلے
اور” پرانے عکا” شہر کی دیواروں تک پہنچے
بونا پارٹ کے سنگدل لشکریوں نے جہاں بنائے
گرمی سے بچنے کو ٹیلوں کے مصنوعی سائے
باپ نے تب بیٹے سے کہا
اے میرے لخت جگر!
اس اڑتے بارود کی آتش سے ہرگزمت ڈر
نیچے لیٹ اور مٹی کے سینے پہ رکھ دے سر
بچ نکلے تو چڑھ جائیں گے اونچے پربت پر
جب یہ لشکری لوٹ کے اپنے دیس کو جائیں گے
ہم تب اپنے کھلیانوں میں واپس آئیں گے
پیارے ابا!
اپنے گھر میں پیچھے کون بسے گا؟
پیارے بیٹے!
گھر اپنے بھیتر خوشحال رہے گا
پھر اس نے گھر کی چابی کو ہاتھ میں لے کر دیکھا
ہاتھ پہ وہ اس طور رکھی تھی جیسے ہاتھ کاحصہ
دونوں چلتے چلتے ناگ پھنی کے جھاڑ سے گزرے
بیٹے!
جہاں نظر آتے ہیں تجھ کو کیچل، دھبے
عین یہیں انگریز نے مجھ کو دو راتیں بلوایا
تیرے ساونت باپ کو دہری مشکوں میں کسوایا
لیکن آخر تک وہ اس سے کچھ نہ اگلوا پایا
پیارے بیٹے!!
تم جب تھوڑے اور بڑے ہو جانا
ان بندوقوں کے ورثا کو
یہ دھبے دکھلانا
آہن پر کندہ شب خون کی تحریریں پڑھوانا
ابا!
تم نے گھوڑے کو گھر پہ تنہا کیوں چھوڑا؟
بند دریچے، خالی آنگن اور بیچارہ گھوڑا
تاکہ گھر آنگن اس کے ہونے سے ڈھارس پائیں
گھر مر جاتے ہیں بیٹا
جب یہ خالی رہ جائیں

ترجمہ: نجمہ ثاقب
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3878322862398218


Comments

2 responses to “ابا! تم نے گھوڑے کو گھر میں تنہا کیوں چھوڑا؟ محمود درویش کے قصیدے کا ترجمہ پیا…”