پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آگ اپنے ہی لگا سکتے ہیں غیر تو صرف ہوا دیتے ہیں …

آگ اپنے ہی لگا سکتے ہیں
غیر تو صرف ہوا دیتے ہیں

معروف شاعر محمد علوی کا یومِ وفات
January 29, 2018

محمد علوی اردو کے نمائندہ شعرا میں شمار کیے جاتے تھے ۔محمد علوی کی پیدائش ۱۰ اپریل ۱۹۲۷ کو احمد آباد میں ہوئی تھی ۔ابتدائی تعلیم انہوں نے احمد آباد میں ہی حاصل کی ،اعلٰی تعلیم کے لیے انہوں نے دہلی کا رخ کیا،دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے انہوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کی ۔
ان کی شاعری کی چوتھی کتاب "چوتھا آسمان” (1991) پر انہیں اردو ادب کا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ برائے سال 1992 تفویض کیا گیا تھا۔ انہیں "غالب ایوارڈ” سے بھی نوازا گیا تھا۔
ان کے دیگر شعری مجموعے خالی مکان (1963) ، آخری دن کی تلاش (1967) اور تیسری کتاب (1978) ہیں۔
چوتھا آسمان پر انہیں ۱۹۹۱ میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا جا چکاہے
محمد علوی کی ایک غزل۔
جاتے جاتے دیکھنا پتھر میں جاں رکھ جاؤں گا
کچھ نہیں تو ایک دو چنگاریاں رکھ جاؤں گا

نیند میں بھی خواب رکھنے کی جگہ باقی نہیں
سوچتا ہوں یہ خزانہ اب کہاں رکھ جاؤں گا

سب نمازیں باندھ کر لے جاؤں گا میں اپنے ساتھ
اور مسجد کے لیے گونگی اذاں رکھ جاؤں گا

جانتا ہوں یہ تماشہ ختم ہونے کا نہیں
ہال میں اک روز خالی کرسیاں رکھ جاؤں گا

چاند سورج اور تارے پھونک ڈالوں گا سبھی
اس زمیں پر ایک ننگا آسماں رکھ جاؤں گا

چھوڑ دوں گا اب میں علویؔ آخری دن کی تلاش
اور ادب کے شہر میں خالی مکاں رکھ جاؤں گا