آپ کی آنکھ میں ، کچھ رنگ سا بھرنا چاھے
دِل بھی ، خوابوں کے جزیروں سے گزرنا چاھے
کتنا دِلکش ھے ، شبِ غم کی خموشی کا فسُوں
زندگی ، آپ کی آھٹ سے بھی ڈرنا چاھے
میں لہُو بن کے تیرے رنگِ قبا سے اُلجھوں
تُو شفق بن کے ، میرے رُخ پہ بکھرنا چاھے
جشنِ نو روز ھو یا ، شامِ غریباں کا سُکوت
دِل ھر اِک خوف کی منزل سے ، گزرنا چاھے
رُوٹھ جانا تو نمائش ھے ، سراسر ورنہ
زندگی یُوں بھی تیری بات پہ مرنا چاھے
یہ الگ بات کہ ، آنکھوں نے اُسے دیکھ لیا
ورنہ وہ عکس ، میرے دِل میں اُترنا چاھے
میری تقدیر کی صُورت ، میرے اشکوں کی طرح
وہ حسیں شخص ، بہر حال سنورنا چاھے
دِن کی تقدیر کا حاصل بھی وھی ھے ، محسنؔ
اِک ستارا ، جو سرِ شام اُبھرنا چاھے
"محسن نقوی”
بشکریہ
https://www.facebook.com/Inside.the.coffee.house

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔