پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آساں تو نہیں اپنی ہستی سے گزر جانا اترا جو سمندر …

آساں تو نہیں اپنی ہستی سے گزر جانا
اترا جو سمندر میں دریا تو بہت رویا
خورشید رضوی کی پیدائش
May 19, 1942

موجودہ عہد کے ایک انتہائی اہم اور صاحبِ اسلوب شاعر پروفیسر ڈاکٹر خورشید رضوی ، ۱۹ مئی ۱۹۴۲ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن ساہیوال میں گذرا۔ پھر لاہور آ گئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج سرگودھا سے ملازمت کا آغاز کیا۔ کچھ عرصہ گورنمنٹ کالج لاہور میں بھی پروفیسر رہے۔ آج کل اسلامک سنٹر میں اعزازی پروفیسر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر خورشید رضوی کی غزل اپنے رویے اور اپنی سوچ کی جدت کی وجہ سے جدید ہے۔ بنیادی طور پر خورشید رضوی جذبے کی گہرائیوں اور لطافتوں کے شاعر ہیں۔ خورشید رضوی کا جذبہ بھی زندہ ہے۔ اس لیے ان کی غزل بھی توانا ہے۔
ان کے شعری مجموعے ’’شاخ تنہا‘‘ ،’’سرابوں کے صدف‘‘ اور ’’رائیگاں‘‘ شائع ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر رضوی کے اشعار کے نمونے ملاحظہ کیجئے۔

پامال کر کے مجھ کو چلا ڈھونڈنے مجھے
مفلس کے گھر میں ہوں میں خزانہ دبا ہوا

آخر کو ہنس پڑیں گے کسی ایک بات پر
رونا تمام عمر کا بیکار جائے گا

بس اب تو اک شجر سایہ دار کی ہے تلاش
ہوائیں چلتی رہیں اور جی بہلتا جائے

اس پہ تیری آنکھ نے شبنم بھی ارزانی نہ کی
سنگریزے‘ جس نوا کاری سے پانی ہو گئے
…
بس دریچے سے لگے بیٹھے رہے اہل سفر
سبزہ جلتا رہا اور یاد وطن آتی رہی
…..
بکھر گیا تو مجھے کوئی غم نہیں اس کا
کہ راز مجھ پہ کئی وا ہوئے بکھرتے ہوئے


Comments

One response to “آساں تو نہیں اپنی ہستی سے گزر جانا اترا جو سمندر …”

جواب دیں