پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آدمی آدمی کہاں ہے میاں زندگی زندگی کہاں ہے میاں…

آدمی آدمی کہاں ہے میاں
زندگی زندگی کہاں ہے میاں

لوگ جس زندگی کو کرتے ہیں یاد
آج وہ زندگی کہاں ہے میاں

کھویا کھویا ضرور ہوں لیکن
اس قدر بے خودی کہاں ہے میاں

دوستی کو بھی رشک تھا جِس پر
اس کی وہ دوستی کہاں ہے میاں

زندگی کو بھی ناز تھا جس پر
وہ غمِ زندگی کہاں ہے میاں

سب وہ اِک شخص کی بدولت تھی
اب وہ غم وہ خوشی کہاں ہے میاں

وہ کمی جس میں اک کشش سی تھی
وہ کشش وہ کمی کہاں ہے میاں

دل بھی ہے زندگی بھی ہے لیکن
اب وہ زندہ دلی کہاں ہے میاں

کوچہءِ یار جس کو کہتے تھے
اب وہ کوچہ گلی کہاں ہے میاں

جو ہوا کرتی تھی گلوں میں کبھی
وہ تر و تازگی کہاں ہے میاں

جس سے رہتے تھے دل کے زخم ہرے
آنکھ میں وہ تری کہاں ہے میاں

آدمی ہیں بہت یہاں لیکن
ایک بھی آدمی کہاں ہے میاں

اب گنہ بھی تو خاک اُڑانا ہے
اب وہ تر دامنی کہاں ہے میاں

پہلے اک بات تھی حسینوں میں
اب وہ اک بات بھی کہاں ہے میاں

جس سے کچھ آ رہی ہو بوئے فنا
باغ میں وہ کلی کہاں ہے میاں

اب سے پہلے جو تھی حسینوں میں
آج وہ دلبری کہاں ہے میاں

وہ تو رخصت ہوئی فراق کے ساتھ
اب وہ افسردگی کہاں ہے میاں

فراق گورکھپوری

از:-کلیاتِ فراق گورکھپوری ص ۱۰۷

انتخاب
سفیدپوش