پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

*آج – 16 / فروری / 1936* *اردو نظم کے موجودہ شعرا…

*آج – 16 / فروری / 1936*

*اردو نظم کے موجودہ شعراء میں بلا مبالغہ سب سے بڑے شاعر” آفتاب اقبال شمیمؔ صاحب “ کا یومِ ولادت…*

*آفتاب اقبال شمیمؔ*، *جہلم* میں *١٦ فروری ۱۹۳۶ء* میں پیدا ہوئے اور تمام عمر تدریس کے شعبے سے وابستہ رہے۔ دورانِ ملازمت ان کا قیام چین کی ایک یونیورسٹی میں بھی رہا جہاں انہوں نے چین کی ثقافت کا بغور مطالعہ کیا۔ چین کی ثقافت نے ان کی شخصیت اور ان کے فن پر گہرے نقش چھوڑے۔ 1995 میں وہ گورڈن کالج راولپنڈی سے تقریباً چار عشرے پڑھانے کے بعد ریٹائر ہوئے اور آج کل اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ ان کی نظموں کے کئی مجموعے شائع ہوئے جن میں *’’زید سے مکالمہ‘‘، ’’گم سمندر‘‘ اور ’’فردا نژاد‘‘* شامل ہیں، اس کے علاوہ 2013 میں ان کی غزلوں کا ایک مجموعہ *’’سایہ نورد‘‘* کے نام سے بھی سامنے آیا۔

???? *پیشکش : آئی ۔ اے انصاری*

???? *معروف شاعر آفتاب اقبال شمیمؔ کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ عقیدت…* ????

خواب کے آگے شکست خواب کا تھا سامنا
یہ سفر تھا مرحلہ در مرحلہ ٹوٹا ہوا
—
دل اور دنیا دونوں کو خوش رکھنے میں
اپنے آپ سے دوری تو ہو جاتی ہے
—
*لمحہ منصف بھی ہے مجرم بھی ہے مجبوری کا*
*فائدہ شک کا مجھے دے کے بری کر جائے*
—
کہا تھا کس نے کہ شاخ نحیف سے پھوٹیں
گناہ ہم سے ہوا بے گناہیوں جیسا
—
کیا رات کے آشوب میں وہ خود سے لڑا تھا
آئینے کے چہرے پہ خراشیں سی پڑی ہیں
—
یہ ہجرتیں ہیں زمین و زماں سے آگے کی
جو جا چکا ہے اسے لوٹ کر نہیں آنا
—
پھر سے تالیف دل ہو پھر کوئی
اس صحیفے کی رونمائی کرے
—
تمیز پسر زمین و ابن فلک نہ کرنا
تم آدمی ہو تو آدمی کی ہتک نہ کرنا
—
*وہ اپنے جزو میں کھویا گیا ہے اس حد تک*
*کہ اس کی فہم سے باہر ہے کل کی ابجد تک*
—
خود سے چھپا کے خود کو زمانے کے خوف سے
ہم نے تو اپنے آپ کو برباد کر لیا
—
رزق کا جب ناداروں پر دروازہ بند ہوا
بستی کے گوشے گوشے سے شور بلند ہوا
—
وہ آسماں کے درخشندہ راہیوں جیسا
اندھیری شب میں سحر کی گواہیوں جیسا
—
کبھی خود کو درد شناس کرو کبھی آؤ نا
مجھے اتنا تو نہ اداس کرو کبھی آؤ نا
—
*ہزیمتیں جو فنا کر گئیں غرور مرا*
*انہی کے دم سے منور ہوا شعور مرا*
—
*ہوں دیکھنے میں عام سا مظہر زمین کا*
*منسوب ہے مجھی سے مقدّر زمین کا*
—
*اک چادر بوسیدہ میں دوش پہ رکھتا ہوں*
*اور دولت دنیا کو پاپوش پہ رکھتا ہوں*
—
میں اپنے واسطے رستہ نیا نکالتا ہوں
دلیل شعر میں تھوڑا سا کشف ڈالتا ہوں
—
یہ جو ٹھہرا ہوا منظر ہے بدلتا ہی نہیں
واقعہ پردۂ ساعت سے نکلتا ہی نہیں
—
عشق میں یہ مجبوری تو ہو جاتی ہے
دنیا غیر ضروری تو ہو جاتی ہے
—
*جیتا ہوں خود کو بیچ کے بازارِ نثر میں*
*میں رہنے والا شاعری کی سرزمین کا*

???? *آفتاب اقبال شمیمؔ* ????

*انتخاب : آئی ۔ اے انصاری*