آج اردو کی نامور نقاد‘ افسانہ نگار اور مترجم محترمہ ممتاز شیریں کی برسی ہے۔
11March,1973
اردو کی نامور نقاد‘ افسانہ نگار اور مترجم محترمہ ممتاز شیریں 12 ستمبر 1924ء کو ہندو پور (آندھراپردیش) میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد کا نام قاضی عبدالغفور اور والدہ کا نام نورجہاں تھا۔ابتدائی تعلیم گھر پر ہی اپنے والد سے حاصل کی اور نانا ٹیپو قاسم خان کے زیر سایہ مذہبی اور اخلاقی تربیت پائی۔گھریلو تعلیم کے بعد انھیں ایک نیم انگریزی سکول میں داخل کرا دیا گیا جہاں سے وہ مہارانی ہائی سکول میں آ گئیں ۔ تیرہ سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان درجہ اول سے پاس کیا اور پھر 1941ء مہارانی کالج بنگلور سے بی اے سیکنڈ ڈویژن میں پاس کیا۔ ان کے اختیاری مضامین معاشیات، نفسیات اور عمرانیات تھے اور ان سب پر ان کی گہری نظر تھی۔ 23 اگست 1942ء کو صمد شاہین سے ان کی شادی ہو گئی۔شادی کیبعد 1954ء میں انھوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے جدید انگریزی ادب میں ایک کورس کیا۔ اسی سال اکتوبر 1954ء میں ادیبوں کی بین القوامی کانفرنس منعقہ ہالینڈ میں پاکستانی ادیبوں کی نمائندگی کی ۔ 1955ء میں کراچی یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا ۔ صمد شاہین کی ملازمت کے دوران انھوں نے متعدد بیرونی سفر ممالک کے سفر کیے۔ ممتاز شیریں کے افسانوی مجموعوں میں اپنی نگریا‘ حدیث دیگراں اور میگھ ملہار شامل ہیں جب کہ ان کے تنقیدی مضامین کے مجموعے معیار اور منٹو نہ نوری نہ ناری کے نام سے اشاعت پذیر ہوئے۔ انہوں نے 1947ء کے فسادات کے موضوع پر لکھے گئے اردو کے نمائندہ افسانوں کا ایک انتخاب ظلمت نیم روز کے نام سے اور جان اسٹین بک کے مشہور دی پرل کا اردو ترجمہ درشہوار کے نام سے کیا تھا۔ وہ اردو کا معروف ادبی جریدہ نیا دور بھی شائع کرتی رہی تھیں۔
جنوری 1967ء سے اسلام آباد میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ 1970ء کے وسط میں علیل ہوئیں، جسم میں متعدد دانے نکل آۓ ، ڈاکٹروں نے معائنے کیبعد الرجی قرار دیا ۔ 1973ء میں پولی کلینک اسلام آباد میں داخل ہوئیں ۔ وفات سے تین دن پہلے تشخیص ہوئی کہ آنتوں کا کینسر ہے ۔ 11 مارچ 1973ء کو ساڑھے سات بجے صبح جان جانِ آفریں کے سپرد کی۔اور اسلام آبادکے مرکزی قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئیں۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔