، ،نور جہاں،،،
سمٹ گیا سُر دھارا
آوازوں کے میلے جیسی اِس دنیا کے
موجیں مارتے دریاوں میں
اپنے فن کی چمک دِکھا کر
پَلٹ گیا سُر دھارا
نغمے اُس کی تان میں ڈھل کر کیا کیا لہریں لیتے تھے!
سُر کی شمعیں جل اُٹھتیں تو منظر خوشبو دیتے تھے
وہ گاتی تو روح کے اندر پھول سے جیسے کِھل جاتے تھے
قوسِ قزح کے رنگ تھے جتنے اُس کے سُر میں مل جاتے تھے
وہ اِک ایسا خواب تھی جس کو
دیکھنے والی، آنکھیں روشن ہو جاتی تھیں
اُس کی صدا کی جھلملتا میں
رُوحیں سُدھ بُدھ کھو جاتی تھیں
ساٹھ برس تک جس نے کی تھی رنگوں میں پرواز
آج اچانک ٹوٹ گئی ہے
کانوں میں رس گھولنے والی وہ شیتل آواز!!
امجد اسلام امجد
از:-میرے بھی ہیں کچھ خواب
ص ۴۲/۴۳
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔