پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

،،،میں،وہ اور رات،،، کمرے میں خاموشی ہے اور باہر …

،،،میں،وہ اور رات،،،

کمرے میں خاموشی ہے اور باہر رات بہت کالی ہے
اُونچے اُونچے پیڑوں پر سیاہی نے چھاونی ڈالی ہے
تیز ہوا کہتی ہے پل میں برکھا آنے والی ہے

وہ سولہ سنگار کیے اپنی ہی سوچ میں کھوئی ہوئی ہے
سانسوں میں وہ گہرا پن ہے جیسے بےسُدھ سوئی ہوئی ہے

دل میں سو ارمان ہیں لیکن میری سمت نگاہ نہیں ہے
یوں بیٹھی ہے جیسے اس کے دل میں کسی کی چاہ نہیں ہے
…..
،،،وعدہ خلافی،،،

آنا تھا اُس کو پر نہیں آئی
یہ بھی عجب ہی بات ہوئی

اسی سوچ میں شام ڈھلی
اور دھیرے دھیرے رات ہوئی

جانے اب وہ کہاں پہ ہوگی
عنبر کی مہکار لیے

بیٹھے رہ گئے ہم تو یونہی
پھولوں کے کچھ ہار لیے
……
،،،ایک دفعہ،،،

اِک دفعہ
وہ مجھ سے لپٹ کر
کسی دوسرے شخص کے غم میں
پھوٹ پھوٹ کر روئی تھی
…..

منیر نیازی

از:-ایک اور دریا کا سامنا
(کلیاتِ منیر) ص ۸۸

انتخاب
سفیدپوش