ماجرا پھر سے یک جا ہو
کہانی میں
بچھڑے ہوئے سارے کردار
مِل جائیں
کھِل جائیں
غنچوں کی صورت
یہ قلب و بدن
غیب وحاضر کا اَسرار
آمیز ہو
اور کہانی کا کُہنہ پیالہ
جو صدیوں سے خالی ہے
شیرِمحبّت سے لب ریز ہو !
یہ فَضا ‘
جس کی ویران گلیوں پہ سکتہ ہے
ظلمت میں ڈُوبے
شکستہ مکانوں پہ تالے ہیں
سوکھے درختوں پہ مٹّی ہے
جو مُنتظر ہے
ہزاروں برَس سے
کہ بارانِ گریہ اِسے آ کے دھو جائے
اور ختم ہو جائے
یہ تشنگی
جو زمانوں میں ہے
ایک کانٹا جو حلقوم میں ہے
نکل جائے
جو ریت کانوں میں ہے!
پھر الاو بھڑکنے لگے !
دائرہ ایک بنتا چلا جائے
اُلجھے ہوئے سارے دھاگے تکلُّم کے
اَجزا بیاں کے
عقب کا دیار
اورعناصر زمان و مکاں کے
کہانی میں
آ کر جُڑیں
ماجرا پھر سے یک جا ہو
لرزہ سا پید اہو
سینوں میں
نا مرتَعِش تار ہِل جائیں
بچھڑے ہوئے سارے کردار
مِل جائیں!
( رفیــقؔ ســندیـلوی )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔