( غیــر مطبــوعــہ )
کوئی بھی سامان نہیں ہے ‘ اب میری حیرانی کو
آتش دان میں پھینک دیا ہے’ اک خط لکھ کر پانی کو
کرداروں کی کھیپ بُلا کر ‘ کیا تصویر بناؤ گے
ایک کہانی سے ڈھانپو گے’ کس کس کی عریانی کو
اُن سے پوچھو جن پر گذرے لمحے اصل قیامت کے
لوگ تو ہجرت کہہ دیتے ہیں ‘ ہر اک نقل مکانی کو
ہم نے جس لمحے سونپے تھے’ خواب بلوریں آنکھوں کو
کوس رہے ہیں اب تک ہم ‘ اُس لمحے کی نادانی کو
جس چشمے سے پانی پینا ‘ اُس کا سودا کر دینا
غدّاری کہتے ہیں بھائئ ! ایسی بے ایمانی کو
گُھور رہا ہے میرا دل ‘ کب سے اک خالی پنجرے کو
زنداں سے آواز آتی ہے : ” آجاؤ ” زندانی کو
کیسے تنہا کمرے سے اٹھ کر بازار میں آ جائیں
مشکل سے آیاد کِیا ہے’ ہم نے اِس ویرانی کو
( شـــمـامــہؔ اُفــق )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔