( غیــر مطبــوعــہ )
دونوں اِنساں کو تھکانے کے لیے ہُوتے ہیں
عشق اُور رزق کمانے کے لیے ہُوتے ہیں
ایسے زخموں کو چُھپانے کی ضرورت کیا ہے
جو نُمایاں نظر آنے کے لیے ہُوتے ہیں
آن کی آن گذرتا ہے زمانہ ہم پر
ہم تہی دست زمانے کے لیے ہُوتے ہیں
غیر ترتیب سے رکّھے ہوئے پُھولوں کے خیال
کسی ترتیب میں لانے کے لیے ہُوتے ہیں
آنکھ میں نیند کے رستے سے اترتا ہے سراب
خواب تو پیاس بڑھانے کے لیے ہوتے ہیں
جَل پری نے یہ مِرے کان میں چُپکے سے کہا
دن سمُندر میں بِتانے کے لیے ہُوتے ہیں
یہ روایات ہمیں آگے نہ بڑھنے دیں گی
ایسے تعویذ بہانے کے لیے ہُوتے ہیں
داستاں گو نے یہ آخر میں بتایا ۔۔۔ آزرؔ !
سارے کردار نبھانے کے لیے ہُوتے ہیں
( دِلاورعلی آزرؔ )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔