پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

داغ دہلوی کی ایک غزل مستزاد جب ان سے حالِ دلِ مبتلا کہا، تو کہا ۔ "بچائے تجھ سے…

داغ دہلوی کی ایک غزل مستزاد

جب ان سے حالِ دلِ مبتلا کہا، تو کہا ۔ "بچائے تجھ سے خدا”​
کچھ اور اس کے سوا مدعا کہا، تو کہا ۔ "ہماری جانے بلا”​
​
کہا جو ان سے کہ ہو سر سے پاؤں تک بے عیب ۔ تو بولے وہ "لاریب”​
دغا شعار و ستم آشنا کہا، تو کہا ۔ "ملے گی تجھ کو سزا”​
​
غمِ فراق سنایا تو سن کے فرمایا ۔ "ہمیں نہ رحم آیا”​
رقیب کا جو ذرا ماجرا کہا، تو کہا ۔ "یوں ہی سہی، تجھے کیا؟”​
​
نہ دل دہی کا نہ عاشق کی جاں نوازی ہے ۔ "یہ بے نیازی ہے”​
عذابِ پرسشِ روزِ جزا کہا، تو کہا ۔ "ہمیں نہیں پروا”​
​
"خدا کے بندوں پر ایسا ستم روا نہ کرو ۔ "ذرا خدا سے ڈرو”​
کسی غریب نے با التجا کہا، تو کہا ۔ "کسی کو کیوں چاہا”​
​
شکایتِ طپشِ غم سے کیا ہو دل ٹھنڈا ۔ "اثر ہو جب الٹا”​
تمہاری باتوں سے دل جل گیا کہا، تو کہا ۔ "جلانے میں ہے مزا”​
​
عدو کا ذکر جو وہ چھیڑ سے نکالتے ہیں ۔ "وہ صاف ٹالتے ہیں”​
یہ کیا طریق ہے اے بے وفا! کہا، تو کہا ۔ "تجھے تو ہے سودا”​
​
پتے کی ان سے جو کوئی کہے قیامت ہے ۔ ” کہ اس سے نفرت ہے”​
حسیں کہا تو سنا، خود نما کہا، تو کہا ۔ بہت بگڑ کے "بجا”​
​
شریر و شوخ ہے وہ داغؔ یہ تو ہے ظاہر ۔ "عبث ہوئے تر بھر”​
کسی نے چھیڑ سے تم کو برا کہا تو کہا ۔ "کہ چھیڑ کا ہے مزا”​
داغؔ دہلوی​
​