منتخب غزلیں
( غیــر مطبــوعــہ ) ڈھلانی تیز رفتاری میں دخل ان…

( غیــر مطبــوعــہ )
ڈھلانی تیز رفتاری میں دخل انداز مت ہو
کسی بپھرے ہوئے سیلاب کا آغاز مت ہو
محبّت اختتامی اَنترے پر آ نہ جائے
کسی جنگی ترانے کا بھڑکتا ساز مت ہو
کھنڈر ہوتی ہوئی دنیا میں تیرا گیت گونجے
نیا آ غاز بن جا ، آخری آواز مت ہو
یہاں اتنے دیے ہیں تُو کسی سے لَو لگا لے
مِری آنکھوں میں روشن رہ، نظر انداز مت ہو
تو اپنی روشنی کا ہاتھ پکڑے بھر اُڑانیں
کسی کی دھند مین آمادہ ء پرواز مت ہو
یہ دنیا دیکھتی رہ جائے ایسا خواب ہو جا
مگر تاریک لمحے کا کبھی ہم راز مت ہو
بجا لے سیٹیاں ، نعرے لگا ، پردے گرا دے
مگر اپنے کہانی کار سے ناراض مت ہو
( حمیـــــدہ شــاہیـنؔ )

