نعت رسول مقبولﷺ – حمیدہ شاہین چاہیے تو بس اسی کا …

نعت رسول مقبولﷺ – حمیدہ شاہین

چاہیے تو بس اسی کا التفات
باعثِ تخلیق عالم ہے جو ذات

ہو اسی کے نام سے آراستہ
دل کہ بنتا جا رہا ہے سومنات

زندگی ہے روشنی کا سلسلہ
ماہ تاباں آپ کی ہر ایک بات

کتنی خوبی سے مفصل کر دئیے
آپ نے قرآن کے مجمل نکات

حسن اس کا آپ میں ہے جلوہ گر
جس کا آئینہ یہ ساری کائنات

آپ کی تقلید میں ہے زندگی
آپ کی نظر کرم وجہ نجات

آپ ہی اپنی اماں میں لیجئے
قافلے پر آگئی جنگل میں رات