لڑکی(ایک جملے کی طویل عبارت پر مبنی 650 الفاظ کا م…

لڑکی
(ایک جملے کی طویل عبارت پر مبنی 650 الفاظ کا مکالماتی افسانچہ)
تحریر: جمیکا کِن کَیڈ (امریکا)
مترجم: رومانیہ نور (ملتان)
سفید کپڑے سوموار کو دھوؤ اور انھیں پتھروں کے ڈھیر پر پھیلا دو؛ رنگ دار کپڑے منگل کو دھوؤ اور انھیں خشک کرنے کے لئے الگنی پر ڈال دو؛ گرمی میں ننگے سر باہر مت نکلو؛ کدو کے پکوڑے گرم میٹھے تیل میں تلو؛ اپنے چھوٹے کپڑے اتارنے کے فوراً بعد پانی میں بھگو دو؛ اپنے لئے ایک عمدہ بلاؤز بنانے کے لئے کاٹن خریدو تو دیکھ لو کہ اس میں لیس دار مادہ تو نہیں ہے، ورنہ دھونے کے بعد اس کی اصلی حالت برقرار نہیں رہے گی؛ پکانے سے پہلے نمکین مچھلی کو رات بھر بھگو کر رکھو؛ کیا یہ سچ ہے کہ تم دینی مدرسے میں بینا (benna ، اینٹی گوا کا لوک گیت ) گاتی ہو؟ ہمیشہ اپنا کھانا اس طریقے سے کھاؤ کہ کسی دوسرے کا دل برا نہ ہو؛ اتوار کے روز معزز خاتون کی طرح چلنے کی کوشش کرو نہ کہ کسی پھوہڑ کی طرح، جو کہ بننے کی طرف تمہارا جھکاؤ ہے؛ دینی مدرسے میں بینا مت گاؤ ؛ تمہیں اچکے لڑکوں سے بات نہیں کرنی چاہئے چاہے انھیں راستہ ہی بتانا ہو؛ گلی میں پھل مت کھاؤ_ مکھیاں تمھارے پیچھے پڑ جائیں گی؛ _مگر میں اتوار کو یا دینی مدرسے میں ہر گز بینا نہیں گاتی؛ یوں بٹن ٹانکتے ہیں، یوں بٹن کے لئے کاج بناتے ہیں جو تم نے ابھی ٹانکا ہے؛ یوں کپڑوں کی ترپائی کرتے ہیں جب تم دیکھو کہ وہ ادھڑ رہی ہے، اس طرح خود کو بد سلیقہ ہونے سے بچاؤ جو کہ میں جانتی ہوں تمہارا بننے کی طرف رجحان ہے؛ اس طرح تمہارے باپ کی خاکی قمیص استری کرتے ہیں کہ کوئی شکن باقی نہ رہے؛ اس طرح تمہارے باپ کی خاکی پتلون استری کرتے ہیں کہ اس پر کوئی شکن باقی نہ رہے؛ یوں بھنڈی اگائیں_گھر سے دور جگہ پر، کیونکہ بھنڈی کا پودا سرخ چیونٹیوں کی آماجگاہ ہوتا ہے؛ جب اروی اگانے لگو تو اس بات کو یقینی بناؤ کہ اسے وافر پانی مل رہا ہے بصورت دیگر کھانے کے دوران یہ تمہارے گلے میں کھجلی پیدا کرے گی؛ اس طرح کونے کھدرے کی صفائی کرتے ہیں؛ اس طریقے سے پورے گھر کو صاف کرتے ہیں؛ یوں صحن صاف کرتے ہیں؛ کسی ایسے شخص کو جسے تم بہت زیادہ پسند نہیں کرتیں دیکھ کر یوں مسکراتے ہیں؛ کسی ایسے شخص کو جسے تم بالکل بھی پسند نہیں کرتیں دیکھ کر یوں مسکراتے ہیں؛ کسی ایسے شخص کو جسےتم مکمل طور پر پسند کرتی ہو دیکھ کر ایسے مسکراتے ہیں؛ چائے کے لئے اس طرح میز ترتیب دیتے ہیں؛ کسی خاص مہمان کے لئے عشائیے کی میز ایسے ترتیب دیتے ہیں؛ جو تم سے زیادہ واقف نہیں ان لوگوں کی موجودگی میں ایسا رویہ اپناتے ہیں، اس طرح وہ فوراً تمہارے پھوہڑ پنے کو پہچان نہیں سکیں گے جس سے بچنے کے لئے میں تمہیں خبردار کرتی رہتی ہوں؛ روانہ دھلائی کو ہر صورت یقینی بناؤ؛ قینچے کھیلنے کے لئے اکڑوں مت بیٹھوتم جانتی ہو کہ تم لڑکا نہیں ہو؛ لوگوں کے پھول مت توڑو_تم کسی پکڑ میں آ جاؤ گی؛ کوئل کو پتھر مت مارو، ضروری نہیں یہ کوئل ہی ہو( اس میں کسی اور کی روح بھی ہو سکتی ہے)؛ روٹی کا حلوہ اس طرح بناتے ہیں؛ ڈوکونا ( doukona, جمیکن ڈش) یوں بناتے ہیں؛ پیپر پاٹ (pepper pot, غرب الہند کی ڈش) ایسے بناتے ہیں؛ زکام کے لئے ایک اچھی دوا یوں بناتے ہیں؛ بچہ بننے سے پہلے ہی ضائع کرنے کے لئے اچھی دوا اس طرح بناتے ہیں؛ مچھلی ایسے پکڑتے ہیں؛ اگر مچھلی تمہیں اچھی نہ لگے تو یوں واپس پھینکتے ہیں؛ اس طرح کوئی خراب چیز تمہارے سر نہیں لگے گی؛ کسی مرد کو ایسے دھمکاتے ہیں؛ کوئی مرد تمہیں اس طرح ہراساں کرتا ہے؛ کسی مرد سے محبت اس طرح کرتے ہیں؛ اگر یہ طریقہ کار آمد نہ ہو تو متعدد اور طریقے بھی ہیں؛ اگر وہ بھی کار گر نہ ہوں تو پھر ترکِ تعلق میں قباحت محسوس نہ کرو؛ اگر تمہیں یہ اچھا لگتا ہے تو ہوا میں تھوک کر یوں تیزی سے ہٹ کر اسے خود پر
گر نے سے بچاتے ہیں؛ دستیاب وسائل میں گزارا اس طرح کرتے ہیں؛ یہ یقینی بنانے کے لئے کہ روٹی تازہ ہے اسے دبا کر دیکھو؛ لیکن اگر نانبائی نے مجھے روٹی کو نہ چھونے دیا تو؟ تمہارے کہنے کا مقصد ہے کہ تم بالآخر واقعی اسی قبیل کی عورت بننے چلی ہو جسے نانبائی روٹی کے قریب نہیں پھٹکنے دے گا؟
Original Title: Girl
Written by:
Jamaica Kincaid (born May 25, 1949) is an Antiguan-American novelist, essayist, gardener, and gardening writer.

— with Romania Noor.

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2854253021471879