عرشی بھوپالی کے اشعار عجیب چیز ہے یہ شوق آرزو مند…

عجیب چیز ہے یہ شوق آرزو مندی
حیات مٹ کے رہی دل خراب ہو کے رہا
……
بہت عزیز نہ کیوں ہو کہ درد ہے تیرا
یہ درد بڑھ کے رہا اضطراب ہو کے رہا
…….
ہم تو آوارۂ صحرا ہیں ہمیں کیا مطلب
ان کی محفل میں جنوں کی کوئی توقیر سہی
…….
ہمیں تو اپنی تباہی کی داد بھی نہ ملی
تری نوازش بیجا کا کیا گلا کرتے
……..
موقوف فصل گل پہ نہیں رونق چمن
نظریں جوان ہوں تو خزاں بھی بہار ہے
…….
نگاہ ناز کی معصومیت ارے توبہ
جو ہم فریب نہ کھاتے تو اور کیا کرتے
…..
نام سید معین الدین اور تخلص عرشی تھا۔ جولائی ۱۹۲۱ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے۔ ۱۹۳۶ء سے شعر کہنا شروع کیا۔ ان کا کلام ماہ نامہ ’’نگار‘‘ میں شائع ہوتا رہا ہے۔ ان کی غزلیں اور نظمیں اردو کے دوسرے مؤقر اخبارات ورسائل میں چھپتی رہی ہیں۔ کئی سال سے دماغی امراض میں مبتلا تھے، لیکن تمام وقت کتب بینی اور شعرگوئی میں صرف کرتے رہتے تھے۔ ۲۵؍مئی ۱۹۷۷ء کو ہمیشہ کے لیے اس مرض سے نجات مل گئی

