قدیم ؔ لکھنوی اسم ِ گرامی سیّد علی نواب ۔ آپ میر …

اسم ِ گرامی سیّد علی نواب ۔ آپ میر انیس کے سب سے چھوٹے بیٹے میر سلیس کے فرزند تھے ۔ ان کا بہت سا کلام ضائع ہوگیا۔ ایک مرثیے کے علاوہ کچھ اور دستیاب نہ ہوسکا ۔ اسی مرثیے کے کچھ بند حاضر ہیں۔ یہ مرثیہ جزیرۂ خضرا کے بارے میں ہے جہاں کچھ شیعہ عقائد کے مطابق امام ِ عصر ؑ قیام فرما ہیں.
قدیم ؔ خادم ِ اولاد ِ مصطفی ۖ ہوں میں
رموز ِ مدح سرائ سے آشنا ہوں میں
نہ مبتدی نہ محتاج عصر کا ہوں میں
خود اپنی جا پہ قیامت صفت بپا ہوں میں
کرو تو غور یہ ادنی وقار ہے میرا
امام ِ عصر ؑ کو بھی انتظار ہے میرا
میری طرف سے کوئ کہدے اب یہ جاکے شتاب
میں کوئ غیر نہیں ہوں کرو نہ مجھ سے حجاب
دکھا دو بہر ِ خدا اک نظر ُعروج ِ شباب
لگا لو مجھ کو گلے سے الٹ دو ُرخ سے نقاب
ہے لب پہ چاہنے والے کا دم خدا کی قسم
حجاب ناز سے نکالو تمہیں حیا کی قسم
نہ آؤ گھر میں میرے تم اگر نہیں منظور
تمہاری جو خوشی اسی پہ میں بھی ہوں مسرور
خلاف ِ مصلحت ِ وقت ہے تو کیا ہے ضرور
جبھی اٹھاؤ یہ پردہ جب آۓ وقت ِ ظہور
کچھ آس دل کو دم ِ اضطراب تو دو گے!
میں بھیجتا ہوں عریضہ جواب تو دو گے!
قرار دل کو نہیں جوش ہے یہ الفت کا
ستا رہا ہے کلیجے کو درد فرقت کا
یہاں تک گر آنے میں حرج ہے نزاکت کا
تو دور ہی سے دکھا دو جمال الفت کا
چمک جو تیری ادھر ایک بار آجاۓ
نگاہیں دیکھ لے صورت قرار آجاۓ


