پروفیسر ڈاکٹر شریف کنجاہی کی وفات Jan 20, 2007 پر…

Jan 20, 2007
پروفیسر ڈاکٹر شریف کنجاہی (پیدائش: 13 مئی، 1914ء – وفات: 20 جنوری، 2007ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے پنجابی اور اردو کے ممتاز ادیب، شاعر، ماہرِ لسانیات، محقق، مترجم اور معلم تھے جو قرآن پاک کا پنجابی زبان میں ترجمہ القرآن الکریم کی وجہ سے مشہور و معروف ہیں۔
شریف کنجاہی 13 مئی، 1914ء کو کنجاہ، ضلع گجرات، موجودہ پاکستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام محمد شریف تھا۔ انہوں نے 1930ء میں کنجاہ ہائی اسکول سے میٹرک اور 1933ء میں گورنمنٹ کالج جہلم سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا۔زمانہ طالب علمی سے ہی آپ کو شعر وسخن سے گہرا لگاؤ تھا۔ آپ نے اپنی شاعری کا آغازانگریز تسلط کے خلاف اپنی انقلابی شاعری سے کیا، اِسی انقلابی شاعری کی وجہ سے انگریز دور میں آپ کو سرکاری نوکری کے لیے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔
شریف کنجاہی 1943ء میں منشی فاضل اور بی اے کا امتحان پنجاب یونیورسٹی سے بطور پرائیویٹ طالب علم پاس کرنے کے بعد شعبہ تدریس سے وابستہ ہو گئے اورمختلف مقامات پر اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے۔1954ء میں ایم اے (اردو) اور 1956ء میں ایم اے (فارسی) کی ڈگری حاصل کی۔
1959ء میں گورنمنٹ کالج کمپبالپور میں پنجابی زبان کی لیکچرار تعنیات ہوئے۔ اس کے بعدآپ کا تبادلہ گورنمنٹ کالج جہلم میں ہوا جہاں آپ اپنی ریٹائرمنٹ تک اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے۔1970ء میں انہیں پنجاب یونیورسٹی میں نئے شروع کئے جانے والے شعبہ پنجابی کا ممبر بنایا گیا، 1973ء سے 1980ء تک آپ پنجاب یونیورسٹی میں بحیثیتِ استاد خدمات سر انجام دیتے رہے۔ تدریس سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک مختصر عرصے کے لئے مقتدرہ قومی زبان (موجودہ ادارہ فروغ قومی زبان) پاکستان سے بھی وابستہ رہے اور اس کے جریدے اخباراردو کے مدیر رہے۔
شریف کنجاہی صاحب کا شمار جدید پنجابی شاعری کے بانیوں میں ہوتا ہے۔آپ نے اردو، فارسی اور پنجابی زبان میں شاعری کی، قرآن پاک کا پنجابی ترجمہ کرنے کا شرف بھی شریف کنجاہی صاحب کو حاصل ہے۔ ان کی پہلی پنجابی شاعری کی کتاب جگراتے 1958ء میں مشرقی پنجاب میں شائع ہوئی یہ کتاب37 نظموں کامجموعہ ہے اس کے بعد ان کی دوسری کتاب ارک ہوندی لُو 1958ء میں شائع ہوئی
حکومت پاکستان نے ڈاکٹر شریف کنجاہی کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف کے اعتراف میں تمغا امتیاز اور صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی عطا کی
شریف کنجاہی 20 جنوری، 2007ء کو کنجاہ، ضلع گجرات، پاکستان میں وفات پاگئے۔



