یقیناً جنہوں نے جن گ کا اغاز کیا ہوگا
ان کی مائیں نہیں ہوں گی
جو ان کے سر اپنی گود میں رکھ کر
انہیں بتاتیں
بیٹا، کسی بھی زمین کا ٹکڑا ماں کی گود سے زیادہ پر سکون نہیں ہو سکتا !
جن گ مسلط کرنے والے نہیں جانتے کہ
ایک بچے کی موت کیساتھ
ایک ستارہ بھی بجھ جاتا ہے
اور ایک دن آسمان پر مکمل اندھیرا چھا جائے گا
وہ نہیں جانتے کہ پھولوں کو گولیوں سے چھلنی نہیں کرتے
تتلیوں کو آری سے نہیں کاٹتے
اور قوس قزح کو توپ سے نہیں اڑاتے
وہ نہیں جانتے
خون کوئی مشروب نہیں ہے
آہیں اور سسکیاں کوئی گیت نہیں ہیں
انسان ان کے غلام نہیں ہیں
اور وہ کوئی خدا نہیں ہیں
جن کے باپ مار دئیے گئے ہوں
ان کو ستارے انگلی سے پکڑ کر چلنا کیسے سکھائیں گے ؟
کوئی پیڑ انہیں کندھوں پر کیسے بٹھا کر گلیوں میں گھمائے گا ؟
جن ماوں کے بچے مار دئیے گئے ہوں
سورج ان کے سینوں میں توپ کے گولے کی طرح ڈوبتا ہے
جن بچوں کی مائیں مار دی گئیں ہوں
ان کو چاند اپنی چھاتی سے دودھ کس طرح پلائے گا ؟
یقیناً جن گ کا آغاز انہوں نے کیا ہوگا
جن کی مائیں نہیں ہوں گی۔
منتخب
Source