نعتِ رسولِ مقبول ﷺ
ایمان آپؐ حاصلِ ایمان آپؐ ہیں
نازاں ہوں میں کہ اب مِری پہچان آپؐ ہیں
سب پر بقدرِ حوصلہ ہوتے ہیں منکشف
قرآن آپؐ ،معنیِ قرآن آپؐ ہیں
وجہِ سکوں ہے اسمِ گرامی کا ایک ورد
دشواریوں میں کس قدر آسان آپؐ ہیں
غیروں کی عاقبت کا بھی ہے آپؐ کو خیال
امّت کے واسطے بھی پریشان آپؐ ہیں
آپؐ آگئے تو راہِ ہدایت ہوئی تمام
دینِ مبیں کا آخری اعلان آپؐ ہیں
انساں کی کیا مجال کہ ہمسر ہو آپؐ کا
گو آپؐ کہہ چکے ہیں کہ انسان آپؐ ہیں
دامن میں آپؐ کے ہیں دو عالم کی نعمتیں
ہر زاویے سے سورۂ رحمٰن آپؐ ہیں
کر دیجیے نگاہِ عنایت سحر پہ بھی
سرکار ! دو جہانوں کے سلطان آپؐ ہیں
(سحر انصاری)
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی