بغیر کندھے کا آدمی میں نہیں جانتا کہ میں زیادہ تھک…

بغیر کندھے کا آدمی میں نہیں جانتا کہ میں زیادہ تھک چکا ہوں یا پھر میرا کندھا
میں جب بھی مڑ کر کندھے کو دیکھتا ہوں تو مجھے نظر آتا ہے
بچپن میں اسکول کا بھاری بستہ
لڑکپن میں شام واک کے دوران کندھے پر پڑا ہوا دوست کا سر
ریسکیو میں کندھے پر پڑا ہوا زخمی اجنبی
سفر میں سامان سے بھرا ہوا بیگ
پارک کے بینچ پر بیٹھی مجھ کو مناتی اس لڑکی کا سر
اور اس لڑکی کا سر جو پہلی اور آخری بار ملی تھی
کبھی اسٹیشن پر جدا ہونے والے دوستوں کے سر
کبھی اس بچی کا سر جو مجھ سے پیدا نہ ہوسکی
مگر پھر بھی مجھے اپنی ہی بیٹی لگتی ہے
میں حیران ہوں میرے کندھے نے کتنوں کو الوداع کیا ہے
دادی کا ہلکا جسم تو کبھی دوست کا بھاری جسم
مگر میرا کندھا برابر میرا ساتھ دیتا رہا
لیکن جب کبھی میں اپنا ہی سر کندھے پر رکھتا ہوں
تو میرا کندھا تھک کر جھک جاتا ہے
شاید اب میرے کندھے کو بھی کندھے کا سہارا درکار ہے۔ 🖤