“آج کل پیار جتانے نہیں آتا کوئی” شاعر احسن مجتبٰی کا انٹرویو
“آج کل پیار جتانے نہیں آتا کوئی” شاعر احسن مجتبٰی کا انٹرویو
تفکر – آپ کا پورا نام؟
احسن۔۔پورا نام احسن مجتبٰی ہے
تفکر – قلمی نام؟
احسن۔۔احسن تخلص کے طور پر استعمال کرتا ہوں
تفکر – کہاں اور کب پیدا ہوئے؟
احسن۔۔میں 20 فروری 1994 کو اسلام آباد میں پیدا ہوا
تفکر -تعلیمی قابلیت؟
احسن۔۔حال ہی میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز،نمل سے بی-ایس سافٹ وئیرانجنئیرنگ کی ڈگری مکمل کی ہے
تفکر – ابتدائی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟
احسن۔۔میں نے میٹرک اور ایف -ایس -سی اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف-ایٹ-فور سے کی
تفکر – اعلٰی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟
احسن۔۔بیچلرز کے لئے نمل کا انتخاب کیا اور اب ایم -ایس کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں
تفکر -پیشہ؟
احسن۔۔تعلیم کے اعتبار سے ہی پیشے کا انتخاب کیا ہے اور مختلف سافٹ ویئرز ڈی ویلپ کئے ہیں فری لانسنگ ویب سائٹس کے لئے
تفکر –ادبی سفر کاآغاز کب ہوا؟
احسن۔۔ادبی سفر کا آغاز تو بچپن سے ہی ہو گیا تھا۔میرا تعلق چونکہ ایک ادبی گھرانے سے ہے۔میرے والد پروفیسر فرخ راجا غزل،نظم،سلام و منقبت کے حوالے سے ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔میرے دادا جوہر نظامی پنجاب کی مرثیہ نگاری کے حوالے سے ایک معتبر شناخت رکھتے ہیں۔اس لئے مجھے شعر کہنے میں زیادہ دقت محسوس نہیں ہوئی۔کیونکہ یہ مشق میرے سامنے ہر روز ہوا کرتی ہے۔ہر شام کی چائے پر ایک مشاعرہ ہونا جس میں چھوٹے بڑے سب نے اپنی طبع آزمائی کرنا۔اس طرح وقت گزرتا گیا اور مجھے اندازہ بھی نہ ہو سکا کہ میں شعر بھی کہہ لیتا ہوں۔بس تین چار سال سے دوست احباب نے مجبور کیا اور میں نے بھی محفلوں میں جانا شروع کردیا۔
تفکر – آپ نظم یا غزل میں کس سے متاثر ہوئے؟
احسن۔۔نام تو بہت زیادہ ہیں لیکن چند کا نام لینا ضروری سمجھتا ہوں۔غالب،جون،محسن نقوی،ناصر کاظمی،شکیب جلالی اور میرے بابا فرخ راجا نے مجھے کافی متاثر کیا ہے
تفکر -کسی شاعر یا ادیب کا تلمذ اختیار کیا؟
احسن۔۔ میرے لئے میرے بابا سے بڑھ کر کوئی استاد نہیں جن کی بدولت میں نے آج کچھ لکھنا سیکھا ہے
تفکر – ادب کی کون سی صنف زیادہ پسند ہے؟
احسن۔۔ادب میں غزل اور نظم دونوں نے ہی متاثر کیا لیکن غزل مجھے زیادہ پسند ہے
تفکر -ادب کی کس صنف میں زیادہ کام کیا؟
احسن۔۔میرا زیادہ تر کلام محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کی مدح و ثناء پر مشتمل ہے۔جو کہ نعت،سلام،منقبت،قطعات اور نوحے کی شکل میں ہے۔غزلیں بھی کافی کہی ہیں اور نظمیں بھی لیکن مذہبی کلام کے مقابلے میں تعداد تھوڑی ہے
تفکر -شعری تصانیف کی تعداد اور نام؟
احسن۔۔چونکہ مجھے شاعری کرتے ہوئے ابھی زیادہ وقت نہیں ہوا اس لئے 5 نعتیں کہی ہیں اورمناقب کی تعداد تقریباً 20 ہے اورسلام 5 کہے ہیں جبکہ قطعات دس اور15 غزلیں اور 5 نظمیں کہی ہیں
تفکر -نثری تصانیف کی تعداد اور نام؟
احسن۔۔نثر کی جانب ابھی قلم رواں نہیں ہوا
تفکر – اپنے خاندان کے حوالے سے کچھ بتائیں؟
احسن۔۔جیسا کہ پہلے بتا چکا ہوں کہ میرا خانوادہ ادب کی خدمت کے لئے ایک مدت سے سر گرمِ عمل ہے۔ہمارا آبائی گھر جوہر آباد (خوشاب) میں ہے۔جہاں سے یومِ عاشورہ شہر کا مرکزی جلوس برآمد ہوتا ہے۔میرے دادا جوہر نظامی کی تین کتابیں شائع ہو چکی ہیں(لوحِ محفوظ،وہمِ رسا،برجِ نور) اور والد فرخ راجا کی دو کتابیں شائع ہوچکی ہیں(شجرِ طیب کے سائے میں،ہوا کا سمندر) میرے تایا حسن اختر جلیل غزل کے مستند شعراء میں شمار ہوتے ہیں۔میرے تایا آفتاب حسین،مظفر حسن،صفدر حسن،اور چچا حسن رضا بھی شعری حوالے سے اپنی پہچان رکھتے ہیں
تفکر – ازدواجی حیثیت؟
احسن۔۔غیر شادی شدہ ہوں
تفکر – فیملی ممبرز کے بارے میں بتائیے؟
احسن۔۔ہم دو بھائی اور ایک بہن ہیں اور میں سب سے چھوٹا ہوں
تفکر – آج کل کہاں رہائش پذیر ہیں؟
احسن۔۔اسلام آباد ہی میں آنکھ کھولی اور تب سے یہیں مقیم ہیں اور اس کی آب و ہوا کے اتنے عادی ہوگئے ہیں کہ شاید اب باقی زندگی بھی یہیں گزاریں۔
تفکر – بچپن کی کوئی خوبصورت یاد؟
احسن۔۔بچپن انسانی زندگی کا نہایت ہی خوبصورت دور ہوتا ہے۔میں تو کسی ایک واقعے کا انتخاب کرنے سے قاصر ہوں کیونکہ مجھے تو اس کا ہر پل ہی حسین لگتا ہے
تفکر – ادبی سفر کے دوران میں کوئی خوبصورت واقعہ؟
احسن۔۔بہت سے واقعات ہیں لیکن ایک واقعہ میں کبھی نہیں بھول سکتا۔بزمِ مودت اسلام آباد و روالپنڈی کی ایک ادبی تنظیم جن بھائیوں نے ہم سوئے ہوئے،گوشہ نشین،نئے لکھاریوں کو جگا دیا اور محافل میں پڑھنے کے مواقع فراہم کئے۔ان کی جانب سے منعقدہ جشنِ غدیر میں میرا پڑھنا،اور وہ تمام شعراء جن کو آمنے سامنے بیٹھ کر سننے کی تمنا تھی جس میں میر احمد نوید،محب فاضلی،گوہر جارچوی،حسنین اکبر،حشمت رضا بہلول شامل ہیں۔ان سب بزرگوں کا داد و دعا دینا میرے لئے سرمایۂ حیات ہے
تفکر – ادب میں کن سے متاثر ہیں؟
احسن۔۔آج کے دور میں حسنین اکبر،عارف امام،احمد نوید،افتخار عارف صاحب پسندیدہ ہیں۔اور ان کے نئے سے نئے کلام پڑھنے کی تمنا رہتی ہے
تفکر – ادبی رسائل سے وابستگی؟
احسن۔۔اساتذہ کا کلام پڑھنے کی حد تک
تفکر – ادبی گروپ بندیوں اور مخالفت کا سامنا ہوا؟
احسن۔۔خدا نہ کرے کبھی ایسا ہو
تفکر – ادب کے حوالے سے حکومتی پالیسی سے مطمئن ہیں؟
احسن۔۔آج کے دور میں ادب پرستی کی بجائے شخصیت پرستی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے حقدار کو اس کا حق نہیں مل رہا
تفکر – اردو ادب سے وابستہ لوگوں کے لیے کوئی پیغام؟
احسن۔۔با ادب با نصیب،بے ادب بے نصیب
تفکر – ہماری اس کاوش پر کچھ کہنا چاہیں گے؟
احسن۔۔میں اس کاوش پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اس قابل سمجھا
تفکر – پہچان شعر یا تحریر؟
احسن۔۔آج کل پیار جتانے نہیں آتا کوئی
روٹھ جاؤں ےتو منانے نہیں آتا کوئی