دی بیل جار سلویا پلاتھ کا لکھا گیا یہ ناول بے حد …
سلویا پلاتھ کا لکھا گیا یہ ناول بے حد پسند آیا۔انیس سالہ لڑکی ایستھر گرین ووڈ کی روداد جسے سلویا کی خودنوشت کا حصہ بھی مانا جاتا ہے۔بہت سلیقے سے لکھی گئی ہے۔انٹرنشپ کے لیے نیویورک جیسے شہر جانے والی ایک لڑکی کس طرح اپنے منفرد مزاج کی وجہ سے مختلف لوگوں، واقعات اور حادثات سے دوچار ہوتی ہے۔مجھے ڈورین کا کردار بہت پسند آیا، حالانکہ وہ درمیان سے ایسے غائب ہوئی کہ میں اس کو بقیہ حصوں میں شدت سے تلاش کرتا رہا۔بہرحال بیٹسی ، ایستھر کی والدہ، بڈی ولرڈ اور جون اور اروِن کے کردار بھی بہت متاثر کن ہیں۔جون کے کردار کا البتہ میں بہت گہرائی سے مشاہدہ کرتا رہا، اس نے خودکشی کیوں کی،حالانکہ جس طرح کا متجسس نیچر تھا اس کا، اس سے مجھے کچھ الگ ہی توقع تھی، خود ایستھر کی قنوطیت بھی لائق غور ہے۔مختلف شفاخانوں میں اس کے علاج اوروہاں کی زندگیوں کا مطالعہ حیران بھی کرتا جاتا ہے، اداس بھی۔بڑے شہر سے عدم دلچسپی اور زندگی کے ایک بالکل ہی انوکھے تجربے کے باوجود مجھے اپنی ذات بھی ایستھر کی ایسی ہی لاتعلقی کے بے حد نزدیک محسوس ہوئی۔ناول میں کچھ واقعات ایسے بھی تھے، جنہیں میں سانس روک کر پڑھتا رہا جیسے ایستھر کا سمندر میں خودکشی کی کوشش کرنا، گھر پر ایک نوٹ چھوڑ کر نکلتے وقت نیند کی گولیاں ڈھونڈنے کے لیے دوڑنا،شوک ٹریٹمنٹ (ڈاکٹر گورڈن کے یہاں سے زیادہ مجھے اس وقت کا حال جاننے میں دلچسپی ہورہی تھی، جب بیلسائز میں ایستھر کو پہلی دفعہ اس مرحلے سے گزارا جانا تھا) اروِن کے ساتھ سیکس کے بعد اپنی ورجنٹی گنواکر جون کے یہاں تک آنا اور اتوار کی وجہ سے ڈاکٹر ملنے میں پریشانی ہونا وغیرہ وغیرہ۔کاشف بھائی نے مجھ سے کہا تھا کہ دی بیل جار پڑھو تاکہ معلوم ہو کہ ہولڈن کولفیلڈ کی عمر کی لڑکیاں کیا سوچتی ہیں، مگر ہولڈن پھر بھی اپنی عمر کے لڑکوں کی ایک مثال ہوسکتا ہے، میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ایستھر جیسی مثال اس کی ہی ہم عمر لڑکیوں میں ڈھونڈنا قدرے مشکل ہے، جسے خود اس کا عکس بڑی مشکل سے اپنی رقیب جون میں دکھائی دیتا ہے۔اس رقابت کے باوجود دونوں کے تعلق کو سلویا نے جس طرح درشایا ہے، وہ میرے لیے یادگار رہے گا۔الغرض ناول کو ابتدا سے آخر تک بہت اچھی طرح لکھا گیا ہے اور اس کا ذائقہ ضرور بہت عرصے تک ذہن کی زبان پر یونہی قائم رہے گا۔
تصنیف حیدر
https://www.facebook.com/tasneefhaidar
بشکریہ
دی بیل جارسلویا پلاتھ کا لکھا گیا یہ ناول بے حد پسند آیا۔انیس سالہ لڑکی ایستھر گرین ووڈ کی روداد جسے سلویا کی خودنوشت …
Posted by Yasir Habib on Friday, February 16, 2018