دعا . دل میں پھر امید کو مہمان کر دے اے خدا یاس کے…
.
دل میں پھر امید کو مہمان کر دے اے خدا
یاس کے ماروں کو پھر حیران کر دے اے خدا
.
جانے کب سے چپکے چپکے رو رہی ہے زندگی
روز و شب کی مشکلیں آسان کر دے اے خدا
.
درد کے لمحات ہیں اور سالِ نو بھی آ گیا
زندگی میں جشن کا سامان کر دے اے خدا
.
غمزدوں کو پھر سے کوئی تحفہءِ نایاب دے
پھر مزّین قلب کا گلدان کر دے اے خدا
.
دل کے کاشانوں سے اب تو دور کر مایوسیاں
پھر سے روشن روح کا دالان کر دے اے خدا
.
پھر سے طائر باغ میں نغمہ سرا ہونے لگیں
پھر اجاگر عشق کا ارمان کر دے اے خدا
.
طالبِ افلاک کو صبر و قناعت ہو نصیب
تُو سخی ہے سب پہ یہ احسان کر دے اے خدا
.
پھر نظر کے سامنے کوئی سنہرا باب ہو
منفرد پھر سے ہماری شان کر دے اے خدا
.
راہ پر آ جائیں پھر سے راہ سے بھٹکے ہوئے
اب حقیقت میں ہمیں انسان کر دے اے خدا
.
بھول بیٹھے ہیں پیامِ عظمتِ کردار ہم
ہم فقیروں کو ہدایت دان کر دے اے خدا
.
کشتیاں اپنی بھنور سے جب نکالی ہیں تو پھر
دور اپنی راہ سے طوفان کر دے اے خدا
.
سالِ نو سب کو مبارک ہو منور کی دعا
ارض کے مقتل کو پھر ایوان کر دے اے خدا
.
آمین یا رب العالمین
[ad_2]