فحش ویب سائیٹس تک رسائی کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات سے مشروط
انٹرنیٹ پر دستیاب فحش فلموں سے کم عمر افراد کو محفوظ رکھنے کے لئے تا حال کوئی مؤثر طریقہ دستیاب نہ تھا لیکن اب اس سمت میں ایک بڑا قدم اٹھا لیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ایک اہم فیصلے کے بعد قانون سازی کی جارہی ہے کہ فحش ویب سائٹوں کا رخ کرنے والے صارفین کی عمر کی تصدیق کی جائے اور 18 سال سے کم عمر افراد کو ان ویب سائٹس تک رسائی کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔ اس فیصلے کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لئے طے کیا گیا ہے کہ صارفین کی عمر کی تصدیق ان کے کریڈٹ کارڈ سے کی جائے گی، یعنی اگر صارف کے پاس کریڈٹ کارڈ موجود نہیں ہے تو اسے 18 سال سے کم عمر تصور کیا جائے گا اور فحش مواد تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لئے عمر 18سال ہونا ضروری ہے لہٰذا کسی صارف کے پاس کریڈٹ کارڈ کی موجودگی یہ ظاہر کرے گی کہ اس کی عمر 18 سال سے زائد ہے۔ فحش ویب سائٹوں کے لئے لازمی قرار دیا جائے گا کہ وہ ”ایج ویری فکیشن سافٹ ویئر“ انسٹال کریں۔ یہ سافٹ ویئر بینکوں اور دیگر اداروں سے رابطہ کرکے کسی بھی صارف کے کریڈٹ کارڈ اور اس کی عمر کے متعلق تصدیق کرے گا۔ مذکورہ سافٹ ویئر انسٹال نہ کرنے یا عمر کی تصدیق کے متعلق دیگر کسی غفلت کی مرتکب ہونے والی ویب سائٹوں کو اڑھائی لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً پونے چار کروڑ پاکسانی روپے) کا جرمانہ کیا جائے گا۔
فحش ویب سائٹوں کا رخ کرنے والے انٹرنیٹ صارفین کی عمر کی تصدیق کے لئے کریڈٹ کارڈ کے علاوہ ووٹر لسٹوں میں درج معلومات کو چیک کرنے اور حکومتی ڈیٹا بیس سے معلومات لینے جیسی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ برطانوی وزراءکا کہنا ہے کہ نئے قوانین صرف برطانیہ میں نہیں بلکہ دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والی ویب سائٹوں پر لاگو ہوں گے اور ٹیکنالوجی اور سکیورٹی سے متعلق بین الاقوامی اداروں کے ذریعے ہر جگہ ان کا نفاذ یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستان میں اس ضمن میں فحش ویب سائیٹس تک رسائی کو بلاک کرنے کی کوشش کی گئی ہے مگر صارفین اب بھی پروکسی کا استعمال کرتے ہوئے فحش ویب سائیٹس تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت کو اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں تا کہ فحش ویب سائیٹس کو روکا جا سکے۔
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.