دھیان میں گم اے شہنشاہ اسوۂ حسنہؐ آپ کا بندہ ستیہ…
اے شہنشاہ اسوۂ حسنہؐ
آپ کا بندہ ستیہ پال آنند
غیر مسلم ضرور ہے لیکن
یہ اجازت تو دیں مجھے سرکارؐ
دھیان میں گم زمیں کو بوسہ دوں
اور باقی کی عمر اے آقاؐ
یوں ہی ٹھہرا رہوں جھکاۓ ہوۓ
درِ شاہِ اممؐ پہ سر اپنا
دھیان میں گم رہوں تو میں شاید
دیکھ پاؤں حضور کا جلوہ
چہرۂ پاک کی ضیا پاشی
کالی کملی سے نور چھنتا ہوا
دھیان میں گم رہوں توسن پاؤں
آپ سے میں پیامِ حق کے راز
جاوداں زندگی کی تعبیریں
لفظ وحدت کے معنی و تفسیر
تھوڑی سی عمر رہ گئی ہے حضورؐ
ارضِ طیبہ پہ میں تنِ تنہا
منتظر آپ کی شفاعت کا
کلمہ خواں اپنا سر جھکاۓ ہوۓ
اور دستِ طلب بڑھاۓ ہوۓ
دھیان میں گم کھڑا ہوا ہوں حضورؐ
ہندوام، کافرم، گنہ گارم!!
٭٭٭
ستیہ پال آنند