پاکستان سپر لیگ کی پانچ فرنچائز ٹیمیں93 ملین ڈالرز میں فروخت
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ سال کرائی جانے والی پاکستان سپر لیگ کی پانچ فرنچائز ٹیمیں93 ملین ڈالرز میں فروخت کردی گئی ہیں جبکہ ٹائٹل اسپانسر اور نشریاتی حقوق کا فیصلہ بھی کردیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے چیرمین نجم سیٹھی کے مطابق کراچی کی ٹیم اے آروائی گروپ نے خریدی ہے۔
لاہور کی ٹیم کے حقوق قطر آئل نے حاصل کیے ہیں۔اسلام آباد فرنچائز لیونائن گلوبل اسپورٹس نے خریدی ہے ۔ عمرایسوسی ایٹس نے کوئٹہ کی فرنچائز حاصل کی ہے جبکہ ہائر گروپ نے پشاور کی فرنچائز خریدی ہے۔
حبیب بینک نے تین سال کے لیے لیگ کی ٹائٹل اسپانسرشپ حاصل کی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پاکستان میں یہ میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور ٹین اسپورٹس دکھائیں گے جبکہ پاکستان سے باہر ان میچوں کے نشریاتی حقوق متحدہ عرب امارات کی کمپنی ٹیک فرنٹ نے حاصل کیے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے میچز کی پروڈکشن پہلے ہی سن سیٹ وائن کو فروخت کی جاچکی ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پانچوں ٹیموں کے کوچز کا انتخاب آئندہ دس روز میں کردیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کو بھی اس ماہ کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوبیس میچز چار سے تیئس فروری تک شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔