( غیــر مطبــوعــہ ) لکیروں سے نکل کر ہاتھ کی مجھ…
لکیروں سے نکل کر ہاتھ کی مجھ کو بلائے گی
یہ قسمت وَجد میں آئی تو خود مجھ کو بنائے گی
مِری آنکھوں میں سارے خواب اُس کے روٹھنے تک تھے
مِرا شک ٹھیک نکلا ‘ زندگی مجھ کو رلائے گی
مِرے ہونٹوں پہ اب تک تتلیوں سی مسکراہٹ ہے
مجھے ڈر لگ رہا ہے’ ایک دن یہ اُڑنے جائے گی
بہت سی شمعیں سینے میں اگر جلتی رہیں تو پھر
مری آنکھوں سے تھوڑی روشنی باہر بھی آئے گی
ذرا سی روشنی کے بعد چکّر تیرگی کا ہے
اگر تو اک نئی تصویر پر نظریں جمائے گی
خود اپنی زندگی سے کیوں نکل جاتی ہوں میں ‘ نیناںؔ !
مِری لا حاصلی کےدرد قدرت ہی مٹائے گی
( فــرزانـہ نیناںؔ )