#hamidnaved امانت_کی_حفاظت امانت کی حفاظت کے با…
امانت_کی_حفاظت
امانت کی حفاظت کے بارے ميں بات کروں تو سب کو یہی خیال آئے گا کہ ہم تو بہت احتیاط کرتے ہیں اور امانت میں خیانت کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ تو ایسی خوبی ہے جو ہم میں پہلے سے ہی موجود ہے۔ ہممم۔۔۔ یہاں امانت سے مراد صرف یہ نہیں کہ کوئی بندہ اپنی کوئی چیز آپکے پاس رکھوا جائے اور کچھ عرصے بعد واپس لے جائے۔ اس امانت کی حفاظت تو قدرے آسان ہے۔ امانت کا معنی کافی وسیع ہے۔ آئیں ذرا دوسرے زاویے سے دیکھتے ہیں۔
کوئی بندہ آپ سے مشورہ مانگتا ہے اور تو یہ بھی آپکے پاس امانت ہے۔ آپ کو پوری دنیا میں ڈھنڈورا پیٹنے کی ضرورت نہیں کہ فلاں نے فلاں بارے میں آپ سے مشورہ مانگا ہے، ساتھ ہی بہترین ممکن مشورہ دینا بھی آپکا فرض ہے۔ اسی طرح کوئی آپ پر بھروسہ کر کے آپ سے اپنے دل کی بات کہتا ہے تو وہ بھی آپ کے پاس امانت ہے، پھر چاہے آنے والے دنوں میں کسی وجہ سے آپکے تعلقات اس بندے سے خراب بھی ہو جائیں تو بھی اسکی بتائی ہوئی ہر بات آپ کے پاس امانت تھی اور امانت ہی رہے گی۔ اسی طرح کوئی اپنی پریشانی آپ کو بتائے، یا اپنی خوشی آپکے ساتھ شیئر کرے لیکن کہے کہ ابھی کسی اور سے تذکرہ نہیں کرنا جیسے رشتہ پکا ہونے پر ماں باپ ایک دم سب میں نہیں بتانا چاہتے، بچیاں اپنی پریگنینسی، یا بچے کا gender ایک دم سب میں نشر نہیں کرنا چاہتیں، اگر وہ آپکو بتاتی ہیں تو چاہے بات خوشی کی بھی ہو، اگر اس نے منع کیا ہے تو یہ سب آپکے پاس امانت ہے اور دوسروں کو بتا کر آپ اس امانت میں خیانت کے مرتکب نہ ہوں۔
سبھی لوگ، بالخصوص خواتین جب مل بیٹھیں تو سنی سنائی آگے پہنچانا فرض سمجھتی ہیں۔ اس بات میں احتیاط کریں۔ زبان سے جو ایک بار نکل گیا وہ واپس نہیں آ سکتا۔ آپ کے منہ سے نکلی کوئی ایک بات کسی کی عزت کا جنازہ نکال سکتی ہے۔ احتیاط کیجئے۔ ہم لوگ جب محفل میں بیٹھ کے آگے باتیں شیئر کرتے ہیں تو ایک بار بھی نہیں سوچتے کہ کسی نے ہمارے پاس امانت رکھوائی تھی اور ہم خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
کل ہی ایک صاحب نے روتے روتے بتایا کہ وہ کسی کو پسند کرتا تھا اور یہ بات اس نے اپنے کزن کو بتائی۔ کزن نے اپنی امی کو، امی نے اپنے شوہر کو، شوہر نے اپنے بھائی کو، بھائی نے اپنے بیٹے کو، بیٹے نے اپنی بیوی کو۔۔۔۔ ایک بات جو کسی کو اپنا ہمدرد سمجھ کر بتائی گئی تھی، وہ پورے خاندان کو پتہ چل چکی تھی۔ آپ نے اپنا اعتبار تو اس کی نظر میں آئیندہ کے لئے کھو ہی دیا، اس بندے کو اتنا شدید جھٹکا دیا کہ وہ ایک لمبی مدت تک کسی پر بھی اعتبار کرنے سے گھبرائے گا۔ خدا کے ہاں مجرم الگ ٹھہرے!